قومی اقتصادی قونصل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے سندھ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سڑکوں کے 2 کھرب 90 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔
ایکنک اجلاس کی سربراہی وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کی اور ایک کھرب 65 ارب 67 کروڑ روپے لاگت کی 306 کلومیٹر طویل حیدرآباد سکھر موٹروے کی تعمیر کی منظوری دے دی۔
یہ منصوبہ بلڈ آپریٹ ٹرانسفر کی بنیاد پر مکمل کرنے کا خیال ہے جس میں 6 لینز کی موٹروے شامل ہے۔
موٹروے محفوط نقل و حمل کے لیے تیز رفتار ٹول روڈ سہولت فراہم کرے گی جس کا آغاز حیدرآباد(کراچی حیدرآباد موٹروے ایم 9 کے اختتام) سے ہوگا اور ناروکنال (سکھر ملتان موٹروے ایم-5 کے آغاز)پر ختم ہوجائے گی۔
یہ موٹروے جام شورو، ٹنڈو آدم، ہالہ، شہداد پور، نوابشاہ، مورو، دادو، نوشہرو فیروز، محراب پور، رسول پور، لاڑکانہ، خیر پور اور سکھر سے گزرے گی۔
یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر مبنی ہے جس کے تحت ایک نجی پارٹی اس کی تعمیر کے لیے فنڈز فراہم کرے گی اسے ایک عرصے تک چلائے گی اور 25 برس مکمل ہونے پر بغیر کسی رقم کیا دائیگی کے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو واپس کردے گی۔
ایکنک نے 77 ارب 90 کروڑ روپے لاگت کے 47.55 کلومیٹر خیبر پاس اقتصادی راہداری منصوبے، 26 ارب روپے لاگت کے 146 کلومیٹر طویل ہوشاب آوران خضدار ایم -8 سیکشن اور20 ارب روپے کی لاگت کے موٹروے فیز-2 کی منظوری دی۔
خیبر پاس اقتصادی راہداری منصوبہ 2 حصوں پر مشتمل ہے جس میں پشاور طورخم موٹروے اور موٹرے سے بڈہ بیر کو منسلک رنے والا لنک روڈ شامل ہے۔
ایم 8 پر ہوشاب، آواران، خضدار سیکشن منصوبہ کے تحت 146 کلومیٹرطویل روڈ تعمیر کی جائیگی اور اس پر 26 ارب روپے لاگت آئے گی۔
اس وقت ہوشاب سے آواران تک موٹرایبل ٹریک بلوچستان حکومت کے کمیونکیشن اور ورکس ڈپارٹمنٹ کے انتظامی کنٹرول کے تحت ہے، اس منصوبہ کو حتمی شکل دیتے وقت زیادہ تر موجودہ راستے کی پیروی کی گئی ہے۔
منصوبہ کے تحت سڑک ہوشاب سے شروع ہوگی اور قلعہ درویش، آشال، ڈندر، سحرقلات، گوراری، لال جان، دودر،رضائی، نردین، مدک، مالار، لاباچ دارگوم سے ہوتی ہوئی آواران پرختم ہوگی، منصوبہ میں 100میٹررائٹ آف وے کے لیے 29ہزار 200 کنال کی اراضی اورسہولیات کی ری لوکیشن بھی شامل ہے۔
سوات موٹروے فیز 2 منصوبہ کے تحت چکدرہ سے فتح پورتک 79.69 کلومیٹرطویل 4 لین کی موٹروے کے لیے 10 ہزارکنال اراضی حاصل کی جائے گی۔
یہ موٹروے سوات ایکسپریس وے کی توسیع کا سلسلہ ہے اور اس منصوبہ کے لیے رائٹ آف وے 50میٹرتجویز کیا گیا ہے۔