اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کے دوران پی ٹی آئی کے درجنوں کارکن گرفتار کرلیےگئے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے شہر میں سرچ اینڈکومبنگ آپریشن کیا گیا، اس دوران گیسٹ ہاؤسز اور ہاسٹلز کی چیکنگ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق تھانہ کراچی کمپنی کی حدود سے 70 پی ٹی آئی کارکن گرفتار کرلیےگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ اس کے علاوہ تھانہ کوہسار کے علاقے سے 60، تھانہ بارہ کہو سے20 اور تھانہ رمنا سے25 پی ٹی آئی کارکن گرفتار کیےگئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق کومبنگ آپریشن کے دوران تھانہ لوئی بھیرکے علاقے سے 35، سنگجانی سے 45 اور تھانہ ترنول کے علاقے سے 42 کارکن گرفتار کرلیےگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ گرفتار پی ٹی آئی کارکن جتھوں کی شکل میں اسلام آباد پہنچے تھے۔
اسلام آباد کے مختلف راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے جبکہ کئی کنٹینروں میں بجری بھر دی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا جو بھی احتجاج کیلئے اسلام آباد آئے گا ، پکڑا جائے گا ، اس کے خلاف پرچہ کٹے گا ۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی ہر صورت اسلام آباد پہنچنےکا اعلان کیا ہے۔