پریکٹس میچ میں بھی سرفراز قیادت سے محروم

 

 

 انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے امیدوار صلاحیتوں کا اظہار کرنے کیلیے تیار ہیں، ڈربی میں پہلا 4روزہ انٹراسکواڈ میچ جمعے کو شروع ہوگا،پریکٹس میچ میں بھی سرفرازاحمد قیادت سے محروم ہو گئے،اظہر علی اور بابر اعظم کوکپتانی سونپنے کا امکان ہے، مہمان کرکٹرز انگلش کنڈیشنز میں فارم اور فٹنس ثابت کرکے اپنی سلیکشن ممکن بنانے کیلیے جان لڑائیں گے،گذشتہ روز کھلاڑیوں نے بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا،یونس خان نے بیٹسمینوں کے فٹ ورک پر خصوصی توجہ دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسکواڈ میں شامل کرکٹرز نے ووسٹر میں قرنطینہ مکمل کرنے کے ساتھ ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری رکھا، اس دوران2انٹراسکواڈ پریکٹس میچز بھی کھیلے گئے،ڈربی میں ایک دن آرام اور2 روز مشقوں کے بعد جمعے کو پہلا چار روزہ انٹراسکواڈ مقابلہ ہوگا،اظہر علی اور بابر اعظم ممکنہ طور پر قیادت کریں گے، گذشتہ میچ میں سرفراز احمد کو ایک ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا مگر اب یہ ذمہ داری چھین لی گئی،گرین اور وائٹ ٹیمیں ایک ایک اننگز ہی کھیل سکی تھیں،اس بار میچ 4روزہ ہونے کی وجہ سے بیٹسمینوں اور بولرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا زیادہ موقع ملے گا، ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے امیدواروں کی پوری کوشش ہوگی کہ اپنی فارم اور فٹنس سے متاثر کرتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ کی توجہ حاصل کریں۔

گذشتہ میچز کے دوران پیسرز میں سے شاہین آفریدی بہتر فارم میں نظر آئے تھے، اس بار دیگر بھی انگلش کنڈیشنز کا مناسب استعمال کرنے کیلیے کوشاں ہوں گے۔ دریں اثناگذشتہ روز بھی مہمان کرکٹرز نے صبح اور سہ پہر کے 2الگ سیشنز میں مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا،چند بیٹسمینوں کو پہلے دیگر کو دوسرے مرحلے میں نیٹ میں موقع دیا گیا،عابد علی، شان مسعود، اظہر علی اور بابر اعظم نے طویل سیشن کیے،دیگر بھی اپنی باری پر نیٹ میں آئے۔

یونس خان بڑی باریک بینی سے کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے خامیوں کی نشاندہی کرتے رہے، بولرز میں وقار یونس نے نسیم شاہ کو لینتھ بہتر بنانے کیلیے خصوصی مشورے دیے،نوجوان پیسر نے باؤنسرز بھی کیے،شاہین شاہ آفریدی، وہاب ریاض اور دیگر پیسرز بھی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کوشاں رہے، بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ کی مشقیں بھی جاری رہیں۔