یو اے ای آئی پی ایل کی میزبانی کے لیے تیار

 یو اے ای رواں سال آئی پی ایل کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ ملتوی ہو گئی تھی، بی سی سی آئی بڑی شدت سے اس بات کا منتظر ہے کہ رواں سال اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے تاکہ اسے اپنی لیگ کرانے کا موقع مل جائے۔

بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے بڑھ چکی ہے، دوسری طرف یو اے ای میں 50 ہزار مریض سامنے آئے ہیں، ورلڈ کپ ملتوی ہوا تو آئی پی ایل اماراتی سرزمین پرکرانے کا امکان ہے، بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی اور چند دیگر عہدیدار نیوٹرل وینیو کا عندیہ بھی دے چکے ہیں،اگرچہ میزبانی کے لیے سری لنکا کا نام بھی گردش میں ہے لیکن یو اے ای کی اپنے طور پر تیاری مکمل ہو چکی۔

دبئی اسپورٹس سٹی کے ہیڈ آف کرکٹ ایونٹس سلمان حنیف نے کہاکہ دبئی  انٹرنیشنل اسٹیڈیم اور آئی سی سی اکیڈمی آئی پی ایل کی میزبانی کی ضروریات پوری کرسکتی ہیں، اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل معیار کی 9 پچز موجود ہیں، میگا ایونٹ کے میچز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان پر اب کوئی میچ نہیں کروا رہے ستمبر، اکتوبر یا نومبر کسی بھی مہینے میں ٹورنامنٹ ہو ہمیں تیاریوں میں کوئی مشکلات پیش نہیں آئیں گی