پی سی بی آفیشلزکو بھاری تنخواہوں کے ساتھ بھرپور مراعات بھی حاصل ہیں، ٹاپ آفیشلزکو برطانیہ جانے کی صورت میں سوا لاکھ روپے یومیہ سے زائد رقم ملے گی، قومی اسمبلی میں تمام الاؤنسز کی تفصیلات پیش کردی گئیں۔ دستاویز کے مطابق سی ای اواور سی او اوکو ہر ماہ تنخواہ کے ساتھ 90 ہزار روپے کار الاؤنس دیا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی آفیشلز غیرملکی دوروں کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے،کورونا وائرس کے سبب 14روزہ قرنطینہ کی شرط نے انھیں فی الحال انگلینڈ جانے سے روکا ہوا ہے، البتہ چیئرمین احسان مانی اہلیہ کے ساتھ چھٹیوں پرٹیم کی چارٹرڈ فلائٹ پروہاں گئے ہیں، نجی دورہ ہونے کی وجہ سے وہ الاؤنسز وغیرہ نہیں لیں گے۔
رکن قومی اسمبلی سید عمران احمد شاہ نے پی سی بی کے بارے میں چند سوالات پوچھے، انھیں اب وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی معرفت سے جوابات موصول ہو گئے ہیں۔۔دستاویز کے مطابق چیف ایگزیکٹیو وسیم خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کو ہر ماہ بنیادی تنخواہ کی 10 فیصد رقم بطور میڈیکل الاؤنس ملتی ہے،انھیں تنخواہ کے ساتھ90 ہزار روپے ماہانہ کار الاؤنس دیا جاتا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ وسیم خان کو بورڈ نے ڈرائیور اور پیٹرول کے ساتھ گاڑی کی سہولت بھی دی ہوئی ہے، ایسے میں الاؤنس کا جواز نہیں بنتا، بورڈ نے دستاویز میں اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔
ڈومیسٹک سفر پر رہائش کے ساتھ یومیہ3 ہزار جبکہ بغیر رہائش9 ہزار روپے ملتے ہیں،غیرملکی دوروں میں رہائش کے ساتھ200 جبکہ بغیر رہائش450 ڈالر الاؤنس مقرر ہے، دورۂ برطانیہ میں رہائش کے ساتھ 320 جبکہ بغیر رہائش720 ڈالر(تقریباًایک لاکھ 20 ہزار پاکستانی) یومیہ الاؤنس ملا کرتا ہے،موبائل فون بل کی مکمل ادائیگی بھی بورڈ کے ذمہ ہے۔ چیف فنانشل آفیسر بھی انہی مراعات کے اہل ہیں۔ تمام ڈائریکٹرز کو ماہانہ تنخواہ کا10 فیصد بطور میڈیکل الاؤنس ملتا ہے، کار الاؤنس کی مد میں 65 ہزار روپے ماہانہ دیے جاتے ہیں۔
ان کے تمام سفری الاؤنسز بھی سی ای او وغیرہ کے برابر ہیں، البتہ موبائل فون کی مد میں پی سی بی کی سم پر10 ہزار روپے ماہانہ دیے جاتے ہیں۔ سینئر جنرل منیجرزکا میڈیکل الاؤنس بنیادی تنخواہ کا 10فیصد ہے،کار کیلیے ماہانہ50 ہزار روپے دیے جاتے ہیں،ڈومیسٹک سفر پر رہائش کے ساتھ یومیہ2 ہزار جبکہ بغیر رہائش6 ہزار روپے ملتے ہیں،غیرملکی دوروں میں رہائش کے ساتھ175 جبکہ بغیر رہائش350 ڈالر الاؤنس مقرر ہے۔
دورۂ برطانیہ میں رہائش کے ساتھ 280 جبکہ بغیر رہائش560ڈالریومیہ الاؤنس ملا کرتا ہے،موبائل فون بل پی سی بی کی سم پر5 ہزار روپے ماہانہ ہے۔ جنرل منیجرز کو بھی تقریباً یہی مراعات حاصل ہیں، البتہ غیرملکی دوروں میں رہائش کے ساتھ150 جبکہ بغیر رہائش300 ڈالر الاؤنس مقرر ہے، دورۂ برطانیہ میں رہائش کے ساتھ 240 جبکہ بغیر رہائش480ڈالریومیہ الاؤنس ملا کرتا ہے۔ یاد رہے کہ چند ماہ قبل قومی اسمبلی میں پیش کردہ دستاویز کے مطابق پی سی بی آفیشلز نے جولائی2018سے اکتوبر2019 تک تقریباً 8 کروڑ روپے غیرملکی دوروں پر صرف کیے تھے۔