انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے منفرد انداز جشن کے پیچھے موجود جذباتی کہانی سامنے آگئی۔
ویسٹ انڈیز سے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری مکمل کرنے کے بعد اسٹوکس نے بائیں ہاتھ کو اوپر اٹھاکر جشن منایا تھا جس کی درمیانی انگلی بند تھی، انھوں نے دراصل اپنے والد جیڈ اسٹوکس کو خراج تحسین پیش کیا جنھوں نے پروفیشنل رگبی کیریئر کیلیے اپنے بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی مختلف انجریز کے سبب کٹوا دی تھی، بعد ازاں وہ اپنے بیٹے کے ساتھ جنوبی افریقہ سے انگلینڈ آگئے تھے، انھوں نے بین اسٹوکس کا انگلینڈ کی نمائندگی کا خواب پورا کرنے کیلیے بہت قربانیاں دیں۔
رواں برس کے آغاز پر بھی آل راؤنڈر نے پروٹیز کے خلاف اسی انداز میں خوشی منائی تھی تب ان کے والد طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے جنوبی افریقہ میں ہی اسپتال میں داخل تھے، وہ کچھ عرصے بعد مکمل صحتیاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے تھے۔