ٹیٹو بنوانے والے نت نئے ڈیزائن اور فیشن کی تلاش میں رہتے ہیں اور اب بیلجیئم میں منہ کے اندر اوپری تالو میں ٹیٹو بنوانے کا رحجان تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔
اس کام میں ماہر انڈی ووئٹ پورے بیلجیئم میں بہت مشہور ہیں اور وہ لوگوں کے جسم کے خفیہ مقامات مثلاً کان کی لو، انگلیوں کی درمیانی کھال اور اب منہ کے اندر بھی ٹیٹو بنارہے ہیں۔ اس عجیب وغریب فن کو لوگوں نے سراہا ہے اور اب بڑی تعداد میں شائقین اپنے تالو پر ٹیٹو بنوارہے ہیں۔ لیکن یاد رہے کہ نمدار جلد کی مناسبت سے یہ ٹیٹو بہت پیچیدہ کی بجائے سادہ ہیں جس میں یک رنگی خاکے بنائے گئے ہیں۔
جسم کے اس غیرمعمولی مقام پر ٹیٹو بنانے میں مکمل مہارت حاصل کرنے میں اِنڈی ووئٹ کو پانچ برس لگے ہیں۔ انہوں نے بدن کے اس نازک اور مشکل مقام پر ٹٰیٹو سازی کے لیے اپنا نیا طریقہ بھی پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف دندان ساز ہی اس کے فن کو دیکھ اور سراہ سکیں گے یا پھر ٹیٹو بنوانے والا جسے چاہے منہ کھول کر اپنا ٹیٹو دکھاسکتا ہے۔
انڈی نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ انسانی منہ میں یہ مقام بہت نازک ہے اور اس کے اندر سوئی گھمانے کی جگہ بھی بہت کم ہے لیکن میرے صارفین مجھ پر اعتماد کرتے ہیں، معمولی غلطی سے منہ کا تالو زخمی ہوسکتا ہے۔ تاہم 90 فیصد صارفین نے بتایا کہ اس عمل میں انہیں کوئی تکلیف نہیں ہوئی جبکہ 10 فیصد افراد نے جبڑے میں درد کی شکایت کی ہے کیونکہ اس کے لیے طویل عرصے تک منہ کھول کر رکھنا پڑتا ہے۔
تاہم ٹیٹو کرانے والوں کو ہدایت دی جاتی ہیں کہ کچھ روز تک انہیں مرچ مصالحوں، شراب اور تمباکو نوشی سے گریز کرنا ہوگا ۔ اس کے بعد قدرتی طور پر زخم ٹھیک ہوجائے گا۔