پی ایس ایل 5 پر’فل اسٹاپ‘ لگنے کا امکان بڑھ گیا

  پی ایس ایل5 پر ’’فل اسٹاپ‘‘لگنے کا امکان بڑھ گیا، فرنچائزز کو اب اس بات کا یقین ہوگیا ہے کہ بقیہ 4 میچز نہیں ہو سکیں گے، دوسری جانب بورڈ ستمبر میں حتمی فیصلے کا کہہ چکا، اس کی وجہ اگست میں بینک گارنٹی کا حصول ہے۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس پہلی بار مکمل لیگ پاکستان میں شیڈول کی گئی، مگر30میچز کے بعد ایونٹ کوکورونا وائرس کی وجہ سے روکنا پڑ گیا،آخری چند میچز خالی گراؤنڈز پر بھی کھیلے گئے۔ گذشتہ دنوں پی سی بی نے فرنچائزز سے رائے طلب کی تھی کہ بقیہ میچز کرائے جائیں یا پانچویں ایڈیشن کو یہیں ختم کر دیں۔

4میچز سے بہت کم آمدنی کا امکان ظاہرکیا گیا تھا،ذرائع کے مطابق  ایونٹ کا اختتام تقریباً یقینی ہے،بورڈ نے17 سے20 نومبر یا دسمبر کے اوائل کی 2 ممکنہ ونڈوز بتائی تھیں مگر اس دوران غیرملکی کرکٹرز کی دستیابی اور پاکستان میں کورونا کا خاتمہ یقینی نہیں ہے، پی سی بی تو تربیتی کیمپ کیلیے بھی بائیو سیکیور ماحول تشکیل نہیں دے سکا تھا۔

چیئرمین احسان مانی  فرنچائزز سے گذشتہ میٹنگ میں واضح کر چکے کہ یو اے ای میں مقابلے نہیں کرائے جائیں گے،براڈ کاسٹر سے معاہدہ بھی پاکستان میں میچز کا ہے، ایسے میں اب ایسا نہیں لگتا کہ میچز ہوں گے،ذرائع کے مطابق بورڈ حکام بھی جانتے ہیں کہ میچز کرانا ممکن نہیں، اعلان میں تاخیر کا سبب آئندہ ماہ اگلے ایڈیشن کی بینک گارنٹی لینا ہے۔

حکام کو خدشہ ہے کہ نامکمل ایونٹ سے کہیں فرنچائز نقصان کا کہہ کرکسی ریلیف کا مطالبہ نہ کر دیں،اس لیے پہلے فیس لینے کا پلان بنایاگیا ہے،حتمی اعلان کے بعد اکاؤنٹس کو حتمی شکل دی جائے گی، پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم کو چیمپئن قرار دینے یا بغیر فاتح کے اختتام کا فیصلہ ٹیموں کی مشاورت سے ہوگا۔