آئس لینڈ سیاحوں کے لیے اپنی تشہیر کرتا رہتا ہے اور اب اسی مہم کے تحت کہا گیا ہے کہ یہ ملک سیاحت کا بہترین مقام ہے اور اس کی بدولت کورونا لاک ڈاؤن میں بند افراد اپنا غصہ نکالنے کے لئے اپنی چیخ اس ویب سائٹ پر ریکارڈ کراسکتے ہیں۔ یہ چیخ فوری طور پر ایک پہاڑی علاقے میں کئی اسپیکروں سے نشر کردی جائے گی۔
اس کے لیے ویب سائٹ نے سات دوردراز مقامات پر اسپیکر لگائے ہیں جس پر آپ کی چیخ ، پکار یا کوئی بھی صدا نشر کردی جائے گی۔ یہ اسپیکر آبادی سے دور ہیں۔ ان میں فیسٹر فال آبشار کی چوٹی، مشہور پہاڑیوں، اوردیگر پرفضا مقامات پر اسپیکر نصب کئے گئے ہیں۔ آپ اپنی چیخ یا صدا کے لئے کسی بھی مقام کا تعین خود کرسکتے ہیں۔ اس ویب سائٹ کومحکمہ سیاحت آئس لینڈ نے پیش کیا ہے۔
چیخ تھراپی
نفسیات داں کہتے ہیں کہ چیخنے کا عمل تناؤ کو کم کرتا ہے اوراسے بطور تھراپی بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اسی ویب سائٹ پر ایک خاتون کا بیان ہے کہ لاک ڈاؤن اور دیگر اکتاہٹ کے لمحات میں چیخا جائے تو انسانی دماغ کا ایک اہم حصہ ایمگڈالا بوجھ سے ہلکا ہوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کسی دوردراز اور سنسان مقام پر چیخنے کے صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اگر آپ اپنی پکار آئس لینڈ کو سنانا چاہتے ہیں تو اس ویب سائٹ کو یاد رکھیں https://lookslikeyouneediceland.com/
ریکارڈنگ اور نشر ہونے کےبعد آپ کا نام اور ملک کا نام ویب سائٹ پر ظاہر ہوجائے گا۔