چینی اسکینڈل, مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ملک میں حالیہ چینی اسکینڈل خاص طور پر برآمدات پر ملز مالکان کو دی گئی چینی کی سبسڈی کے معاملے میں تحقیقات کے لیے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق ,وفاقی حکومت کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے لکھے گئے خط کے موصول ہونے کے بعد نیب ہیڈکوارٹرز نے چینی کی سبسڈی کا معاملہ نیب راولپنڈی بیورو کو ارسال کیا۔
جس پر ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان منگی کی سربراہی میں اجلاس طلب کیا گیا,جس میں کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) تشکیل دی گئی۔ واضح رہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں مختلف محکموں کو مختلف زاویوں اور پہلوؤں کے ذریعے اسکینڈل کی تحقیقات کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
اس سے قبل عرفان منگی سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کی گئی اس مشترکہ تحقیقات ٹیم کے اراکین میں سے ایک تھے جس نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مشہور پاناما لیکس کیس کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ سابق صدر آصف علی زرداری سمیت پاکستان پیپلزپارٹی ( پی پی پی) کی اعلیٰ قیادت کے خلاف ہونے والی جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے سربراہ بھی ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سی آئی ٹی چینی پر برآمدی سبسڈی کے حوالے سے تمام متعلقہ محکموں سے ریکارڈ طلب کرے گی جبکہ تحقیقاتی ٹیم سوالات کے لیے شوگر ملز مالکان کو بھی طلب کرے گی۔ ۔