بابر اعظم نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں نامی گرامی بیٹسمینوں کو پیچھے چھوڑ دیا،وہ اب تک ایونٹ میں 100 سے زائد کی ایوریج رکھنے والے واحد بیٹسمین بن گئے۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ابتدائی ایڈیشن میں 100 سے زائد کی ایوریج سے رنز بنانیوالے بابر دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں، بارش کے سبب پہلے دن کھیل رکنے تک وہ ایونٹ میں 111.16 کی اوسط سے رنز بنا چکے تھے، انھوں نے انگلینڈ سے جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی روز مسلسل پانچویں اننگز میں ففٹی پلس اسکور بنایا، اس سے قبل بابر نے *102، 60، *100 اور 143 کی اننگز کھیلیں۔
دوسری جانب اوپنر شان مسعود نے بھی انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 100 سے زائد گیندوں کا سامنا کیا، وہ 2016 سے اب تک انگلش سرزمین پر سب سے زیادہ گیندوں کا سامنا کرنے والے مہمان اوپنر بن گئے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں صدی میں شان واحد پاکستانی اوپنر ہیں، جنھوں نے انگلینڈ میں 100 سے زائد بالز کا سامنا کیا، آخری مرتبہ سعید انور نے لارڈز میں 74 رنز کی اننگز کے دوران 120 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔
اس کے علاوہ منفی ریکارڈز کا بھی سلسلہ جاری ہے، پاکستانی اوپنر ایک بار پھر انگلینڈ میں میزبان ٹیم کیخلاف50 رنز کی بنیاد فراہم کرنے میں ناکام رہے، اوپننگ جوڑی کی جانب سے ففٹی شراکت کو 33 اننگز اور 24 برس بیت چکے ہیں، آخری مرتبہ 1996 کے اوول ٹیسٹ میں سعید انور اور عامر سہیل نے گرین کیپس کو 106رنز کاآغاز فراہم کیا تھا۔