انگلینڈ میں پاکستانی اوپنر کی سنچری کا قحط ختم


 انگلینڈ میں پاکستانی اوپنر کی سنچری کا قحط ختم ہوگیا،شان مسعود 24سال بعد یہ کارنامہ انجام دینے والے کھلاڑی بن گئے، انھوں نے مسلسل 3تھری فیگر اننگز کھیلنے والے قومی بیٹسمینوں کے فہرست میں بھی اپنا نام درج کرالیا،انھیں اولڈ ٹریفورڈ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے دوسرے افتتاحی بیٹسمین کااعزاز بھی حاصل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو بحران سے نکالنے والے شان مسعود نے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں،24سال بعد کسی پاکستانی اوپنر نے انگلینڈ میں سنچری بنائی،اس سے قبل سعید انور نے1996میں اوول کے میدان میں 176کی اننگز کھیلی تھی،کسی پاکستانی اوپنر کی جانب سے 200سے زائد گیندیں کھیلنے کا موقع بھی 24سال بعد آیا، اس سے قبل سعید انور نے مذکورہ بالا اننگز میں 264بالز کھیلی تھیں،شان مسعود نے مسلسل 3ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے قومی بیٹسمینوں کی فہرست میں بھی اپنا نام درج کرا لیا،اوپنر نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کیخلاف ہوم سیریز میں تھری فیگر اننگز کھیلنے کے بعد اب اولڈ ٹریفورڈ میں یہ سنگ میل عبور کیا۔


 
اس سے قبل ظہیر عباس نے 1982میں بھارت،مدثر نذر نے اگلے سال اسی حریف، محمد یوسف نے 2006 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف مسلسل 3سنچریاں اسکور کی تھیں،قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے 2014میں آسٹریلیا اور ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بھی اسی سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف 3تھری فیگر اننگز کھیلی تھیں۔

یوں شان مسعود یہ اعزاز حاصل کرنے والے چھٹے پاکستانی بیٹسمین ہیں،وہ اولڈ ٹریفورڈ میں سنچری بنانے والے تیسرے پاکستانی اور دوسرے افتتاحی بیٹسمین ہیں،اس سے قبل انضمام الحق نے 2001اور بطور اوپنر عامر سہیل نے1992میں وہاں تھری فیگر اننگز کھیلی تھیں۔ یاد رہے کہ پاکستان انگلینڈ میں کوئی ایسا ٹیسٹ نہیں ہارا جس میں کسی اوپنر نے سنچری بنائی ہو، 1982میں محسن خان کی لارڈز میں ڈبل سنچری فتح گر ثابت ہوئی،1987میں مدثر نذر نے سنچری بنائی تو ڈرہم میں میچ ڈرا ہوا، اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ 1992میں عامر سہیل نے ڈبل سنچری اسکور کی اور مقابلہ ڈرا ہوا، اوول ٹیسٹ 1996میں سعید انور کی سنچری نے پاکستان کیلیے فتح کا راستہ بنایا۔