انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے سال نیوزی لینڈ میں ہونے والا ویمنز ورلڈ کپ بھی ملتوی کردیا ہے جبکہ 2021 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت کو میزبان برقرار رکھا ہے، آسٹریلیا اب 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اعلامیہ کے مطابق اگلے سال نیوزی لینڈ میں ہونے والا ویمنز ورلڈ کپ اب 2022 میں فروری اور مارچ کے مہینوں میں کھیلا جائے گا۔
ویمنز ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا فیصلہ کورونا وائرس اور اس کی وجہ سے معطل کرکٹ سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
آئی سی سی اس سے قبل جولائی میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز کو بھی ملتوی کرچکا ہے۔ یہ کوالیفائرز اب 2021 میں ہوں گے۔
آئی سی سی کے مطابق جو ٹیمیں ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں ان کے اسٹیٹس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
دوسری جانب آئی سی سی نے 2021 اور 2022 کے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میزبان ملکوں اور کوالیفائنگ پراسس کی بھی منظوری دے دی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق 2021 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق انڈیا ہی میں کھیلا جائے گا تاہم اس میں 2020 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں شرکت کی اہل ہوں گی۔
2020 کا ورلڈ کپ جو آسٹریلیا میں شیڈول تھا وہ پہلے ہی کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کیا جاچکا ہے اور آسٹریلیا اب 2022 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا اور اس ایونٹ میں جگہ بنانے کیلئے ٹیموں کو الگ کوالیفائنگ پراسس سے گزرنا ہوگا۔