آصف علی زرداری نے جرائم کے مقدمات میں پی ایچ ڈی کررکھی ہے، شیخ رشید 

 

راولپنڈی۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ زرداری نے جرائم کے مقدمات میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے‘زرداری کی سیاست میں سب سے اہم بات یہ تھی کہ وہ پکڑے نہیں جاتے تھے‘انہیں اب کیس کے ٹرائل سے گزرنا ہوگا‘ آصف زرداری پر پہلی بار فرد جرم عائد کی گئی ہے‘حمزہ اور شہباز کے سنجیدہ کیسز ہیں‘جن لوگوں نے عوام کا پیسہ لوٹا ہے‘ انہیں واپس کرنا ہوگا۔

سابق صدر آصف علی زرداری پر پارک لین ریفرنس میں فرد جرم عائد ہونے پر ردعمل کے اظہار میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قوم کو سمجھنا ہوگا کہ انہوں نے ان کا پیسہ لوٹا ہے۔ آصف زرداری نے جرائم کے مقدمات میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے، اس سے پہلے سوئس کیس میں بھی ان کا نام آیا مگر وہ کیسز سے بچتے آئے ہیں مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔

 

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ زرداری کی سیاست میں سب سے اہم بات یہ تھی کہ وہ پکڑے نہیں جاتے تھے اور کیسز اور جرم سے بچنے کیلئے وہ این آر او کرکے بھاگ جاتے تھے اور این آر او کی نوبت آجاتی ہے مگر اب سب سن لیں کہ کوئی این آراو نہیں ہوگا،

 اس لئے انہیں کیس کے ٹرائل سے گزرنا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ اس وقت جتنے بھی کیسز زیر سماعت ہیں، خاص کر ہائی پروفائل ان سب میں وعدہ معاف گواہان موجود ہیں، حمزہ اور شہباز کے کیسز میں فیصلہ آنے پر سیاست میں کافی سنجیدہ صورت حال ہوگی، کچھ کیسز میں ایسے فیصلے بھی آسکتے ہیں جس کے نتائج دور اندیش ہونگے۔

 

انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کی کوشش ہوگی کہ کوئی بارگین ہو جائے، کیسز کو طویل کیا جائے مگر ایسا ہوتا نظر نہیں آتا ہاں یہ ضرور ہے کہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی۔ فرد جرم پر پی پی کے ردعمل سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پارٹی کیلئے کوئی دھچکہ نہیں بلکہ قوم کیلئے ہے کہ وہ کس کو ووٹ دیتے آرہے ہیں۔