یو اے ای میں کتوں کے ذریعے کورونا مریضوں کی شناخت کا تجربہ کامیاب

دبئی۔ دنیا بھر میں کوروناکی وبا پر قابو پانے کے لیے درجنوں ویکسینز تیار کی جا چکی ہیں، تاہم ان کے موثر اور کامیاب ہونے کے حوالے سے اگلے چند ماہ میں ہی کچھ پتا چل پائے۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں کْتوں کے ذریعے کورونا مریضوں کی شناخت کا تجربہ انتہائی کامیاب ثابت ہونے لگا ہے۔

 دبئی پولیس کی جانب سے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران کْتوں کے ذریعے کورونا کی تشخیص کے 400 ٹیسٹ لیے گئے، جن کے نتائج بہت کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے خصوصی طور پر سدھائے گئے K9 کْتوں کو استعمال میں لایا جا رہا ہے۔ دْبئی پولیس کا کہنا ہے کہ کْتوں کے ذریعے کورونا مریضوں کی تشخیص کے تجربے میں 91 فیصد نتائج درست ثابت ہوئے ہیں۔

کتوں کی جانب سے دْبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کے کورونا سے متاثر ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے کی جانے والی جانچ سے متعلق ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کْتا لوگوں سے خالی کمرے میں داخل ہوتا ہے اور وہاں موجود مختلف باکس سونگھتا ہے۔

ان باکسز میں دْبئی ایئرپورٹ پر اْترنے والے مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کے سیمپلز رکھے گئے ہیں۔ ویڈیو میں ایک کْتا کئی باکسز کو سونگھنے کے بعد ایک باکس کے آگے بیٹھ کر اپنے ٹرینر کو خبردار کر دیتا ہے کہ اس باکس میں جس شخص کے ٹیسٹ کا سیمپل رکھا گیا ہے، وہ کورونا سے متاثر ہ ہے۔ دْبئی پولیس سیکیورٹی انسپکشن کے K9 یونٹ کے ڈائریکٹر میجر صلاح خلیفہ المزروعی نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر K9 کْتوں کی جانب سے کورونا کیسز کی تشخیص کے لیے ایک جگہ مخصوص کی گئی ہے۔

اگر K9 کْتا کو کسی باکس میں موجودسیمپل پر کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا شْبہ ہوتا ہے تو وہ اس باکس کے آگے بیٹھ جاتا ہے۔اس طریقہ کی بدولت کْتوں اور ان کے ٹرینر ز کو کورونا کے مشتبہ مریض کے سامنے لانے کی ضرورت نہیں پڑتی،جس سے وہ اس متعدی وائرس کا شکار ہونے سے محفوظ رہتے ہیں۔

 میجر المزروعی کا کہنا ہے کہ کْتوں میں انسانی بْو کو سْونگھ کر اس کے کورونا سے متاثر ہونے یا نہ ہونے کا پتا چلانے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔امارات میں کْتوں کے ذریعے کورونا وائرس کی تشخیص کا طریقہ کار دیگر ایئرپورٹس پر نافذ کرنے پر بھی کام ہو رہا ہے، اس طریقہ سے مسافروں کے وقت کی بھی بچت ہوتی ہے۔ ان کْتوں کی تربیت کے لیے برطانیہ اور فرانس سے خصوصی ماہرین بْلائے گئے تھے۔