انتظار کی گھڑیاں ختم،وزیراعظم عمران خان نے پشاور بی آرٹی کا افتتاح کردیا 


 
پشاور۔ وزیراعظم عمران خان نے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کا افتتاح کردیا۔اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورہ پر پشاور پہنچے جہاں انہوں نے چمکنی اسٹیشن سے بی آر ٹی بس منصوبے کا افتتاح کیا۔ 

اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک، وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان، صوبائی وزرا اورڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان میں سب سے بہترین میٹرو بس سروس منصوبہ ہے اور یہ تھرڈ جنریشن ہے جس کے اثرات پشاور میں پڑینگے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے، اس کا مرکزی کوریڈور 27 کلومیٹر ہے جبکہ فیڈرز روٹ 60 کلو میٹر ہے جس سے پورا پشاور کور ہوجائے گا اور شہر کے لیے یہ ایک جدید منصوبہ ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے بولا ترقی میں یہ پہلا مرحلہ ہوتا ہے جب جدید سفری نظام فراہم کیا جاتا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے اس منصوبے پر تحفظات تھے لیکن میں آج پرویز خٹک کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں اور کہتا ہوں کہ ہم غلط تھے اور آپ درست تھے۔بس کے کرایے پر بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے جوکرایہ رکھا وہ بالکل ٹھیک ہے، ہمارے ہر پروگرام میں یہ ہونا چاہیے کہ عام آدمی کی زندگی کو کیسے بہتر کریں۔

انہوں نے کہا کہ کم از کم 10 اور زیادہ سے زیادہ 50 روپے ٹکٹ ہر کسی کے لیے قابل برداشت ہے اور اسے سے مزدوروں اور عام لوگوں کو مدد ملے گی۔بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے طلبہ کو بھی فائدہ ہوگا اور لوگوں کو ہسپتال جانے میں بھی مدد مل سکے گی اور اس منصوبے سے پشاور میں آپ کی فی کس آمدنی بھی بڑھ جائے گی اور شہر کے ٹرانسپورٹ میں بہتری آئے گی۔

آخر میں ان کا کہنا تھا اس منصوبے کی بسز ہائبرڈ ہیں جس سے پشاور میں آلودگی کی سطح کم ہوگی۔افتتاح سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ضلع خیبر میں بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جبکہ شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور احساس نشو نما پروگرام کا اجرا کیا۔