اسلام آباد۔محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ سے جمعہ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون ہوائیں داخل ہوں گی جس کی وجہ سے آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے جمعے کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں اکثر مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، ایبٹ آباد، چارسدہ، مردان، پشاور، نوشہرہ اور کشمیر میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے وقفے وقفے سے بوندا باندی ہوئی۔ صدر، آئی آئی چند ریگر روڈ، گلستان جوہر، کلفٹن اور ملیر میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا تھا۔
سپرہائی وے، سرجانی، سہراب گوٹھ ، فیڈرل بی ایریا، خداداد کالونی اور طارق روڈ میں بھی بونداباندی ہوئی تھی