پنجاب حکومت آج راولپنڈی، اسلام آباد میں ڈبل ڈیکر بس کا افتتاح کرے گی
تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں کے سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے ڈبل ڈیکر بس چلے گی، پنجاب حکومت کی جانب سے منصوبہ تیار کرلیا گیا ہےجس کا افتتاح آج ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج راولپنڈی میں ڈبل ڈیکربس کا افتتاح کریں گے۔
اس اہم اقدام سے سیاحوں کو سستی اور بہترین سفری سہولت میسر آئے گی۔ اپنے تازہ بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈبل ڈیکر بس راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کے لیے حکومت کا تحفہ ہے۔
خیال رہے کہ 16 اگست کو ڈبل ڈیکر بس کا آزمائشی سفر کیا گیا تھا۔ بس کا آزمائشی سفر راولپنڈی کے علامہ اقبال پارک سے شروع ہوا جو فیض آباد سے ہوتا ہوا فیصل مسجد، بلیو ایریا، شاہراہ دستور، روز جاسمین گارڈن اور لوک ورثہ سے واپس علامہ اقبال پارک پر اختتام پزیر ہوا تھا۔
ممکنہ طور پر بس کا فی کس کرایہ 400 روپے ہوگا، بس کے لیے ٹرمینل راولپنڈی میں جلد قائم ہوجائے گا جبکہ بس کا سفر 30 کلومیٹر پر محیط ہوگا جس کے ٹکٹ کا اجرا آن لائن کیا جائے گا۔