اسلام آباد۔وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر کہا کہ جتنا بھی مشکل وقت آئے، عوام کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا، عام آدمی کی زندگی بہتر بنانا جدو جہد کااصل مقصد ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وزیراعظم کی آمد پر کابینہ ارکان نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا اور انھیں حکومت کے 2سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو2سالہ ولولہ انگیز قیادت اور اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مقابلے پر خراج تحسین پیش کیا گیا
، عمران خان نے حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا 24 سالہ جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی، معاشرے کے کمزور طبقہ کے لیے بہت کچھ کرنا باقی ہے، ہماری جدو جہد کا محور ہر کمزور پاکستانی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کمزور طبقے کیلئے سوچنا اصل ایمان ہے، مدینے کی فلاحی ریاست کے تصور کوعملی شکل دینا چاہتا ہوں، تعلیمی نصاب میں مدینے کی فلاحی ریاست کا تصور شامل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شفقت محمود سے کہا ہے نصاب میں ریاست مدینہ کاتصورشامل کریں، ابتدائی طور پر8 ویں اور9ویں جماعت کے لیے نصاب تیار کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا مشکل وقت میں محنت سے کامیابی حاصل کی ہے، جتنا بھی مشکل وقت آئے، عوام کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا، عام آدمی کی زندگی بہتر بنانا جدو جہد کا اصل مقصد ہے۔