پاکستان نے بھارت کی جانب سے جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی نئی دوڑ شروع کیے جانے کے بعد اپنی کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کیلئے دوست ملک چین سے جدید جنگی ہتھیار خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان اپنے دوست ملک چین سے بڑی تعداد میں جدید جنگی ڈرونز خریدے گا۔
پاکستان سے ایک رکنی وفد نے حال ہی میں چین کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران جنگی ڈرونز کی خریداری کیلئے معاملات پر غور کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان چین سے جدید سی ایچ نامی جنگی ڈرونز طیارے خریدے گا۔ ان جنگی ڈرونز کو لائن آف کنٹرول پر تعینات کر کے فضائی نگرانی مزید موثر بنائی جائے گی۔
دفاعی ماہرین کا بتانا ہے کہ سی ایچ 4 ایک بہترین بمبار ڈرون طیارہ ہے، جو فضائ سے زمین تک میزائل فائر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ بمبار ڈرون طیارہ 345 کلو گرام وزنی ہتھیاروں کیساتھ پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔