اسلام آباد۔نیب کو توشہ خانہ ریفرنس کیس میں آصف زرداری اور نواز شریف کی گاڑیاں منجمد کرنے کی اجازت مل گئی۔
احتساب عدالت نے چیئرمین نیب کے گاڑیاں منجمد کرنے کے فیصلے کی توثیق بھی کر دی ، چیئرمین نیب نے زرداری کی تین ، نواز شریف کی ایک گاڑی منجمد کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔
نیب نے احتساب عدالت میں مو¿قف پیش کیا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے غیر قانونی طور پر توشہ خانے سے گاڑیاں لیں،احتساب عدالت کے جج اصغرعلی نے نیب کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے نیب کو آصف زرداری اور نواز شریف کی گاڑیاں منجمد کرنے کی اجازت دے دی۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف پر توشہ خانے سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام ہے۔
نیب نے سابق صدر آصف زرداری ، اورسابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے، اور چیئرمین نیب نے گاڑیاں منجمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جب کہ گاڑیاں منجمد کرنے کے فیصلے کی توثیق کے لئے نیب نے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا تھا۔