نارووال، سیاسی رہنما کی فائرنگ: باپ جاں بحق اور بیٹا زخمی ۔

پنجاب کے ضلع نارووال میں تحریک انصاف کے رہنما کے بیٹے نے گاڑی کو راستہ نہ دینے پر فائرنگ کرکے باپ کو قتل اور بیٹے کو زخمی کردیا۔

نارووال میں ضلعی صدر انصاف ویلفئر ونگ امجد خان کاکڑ کے بیٹے نادر خان کاکڑ اور ساتھیوں نے گاڑی کو راستہ نہ دینے پر ستر سالہ شخص عبداالمجید اوراس کے  بیٹے پر بہیمانہ تشدد کیا اور فائرنگ کردی جس سے باپ جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا۔

مقتول کے رشتہ دار نے بتایا کہ امجد خان کاکڑ کا بیٹا اپنی گاڑی میں جارہا تھا اور ہارن پر ہارن بجا رہا تھا۔ بزرگوں نے کہا کہ کافی راستہ ہے۔ آپ گزر جائیں جس پر ملزم نے گاؤں جاکر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پہلے بزرگوں کوتشدد کا نشانہ بنایا اور پھر فائرنگ کردی۔

مقتول کی بیوی کا کہنا ہے کہ میں اور میرا شوہر رات سات بجے اپنے گھر جارہے رہے تھے امجد خان کاکڑ کا بیٹا نادر خان اپنی گاڑی پر آرہا تھا کہ اس نے متعدد مرتبہ ہارن بجائے جس پر میرے خاوند نے کہا کہ کافی جگہ ہے۔ گزر جاؤ، جس پر اس نے ہمیں غلیظ گالیاں نکالنا شروع کردی۔ امجد خان کاکڑ کے کہنے پر میرے خاوند کوناجائز قتل کیاگیا ہے۔

مقتول کی بیٹی نے مطالبہ کیا کہ میرے باپ کو قتل کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے ہمیں انصاف فراہم کیاجائے۔

پولیس نے جاں بحق ہونے والے شخص کے بیٹے مدثرفرید کی درخواست پرمقدمہ درج کرلیا جبکہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔