خیبر پختونخوا میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان ریلوے اور خیبر پختونخوا حکومت کے مشترکہ اقدام سے ایک نئے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اس کے تحت تاریخی طور پر چلنے والی سفاری ٹرین اور ایک نئی بس سروس کا اگلے ماہ یعنی ستمبرسے آغاز کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سفاری ٹرین پشاور تا اٹک اور پشاور تا تخت بھائی ریلوے سٹیشن، دو راستوں پر جائے گی۔ جب کہ سفاری بس سروس سیاحوں کو پشاور کے اندر مختلف تاریخی مقامات کی سیر کروائے گی۔
اس تفریحی سفر سے سیاحوں کو اس صوبے کی تاریخ اور تاریخی مقامات کے حوالے سے جاننے کا موقع ملنے کے ساتھ ساتھ پاکستان ریلوے کو معاشی فائدہ بھی ہوگا۔
اس منصوبے کا آئیڈیا دو سال قبل سابق وزیر سیاحت و کھیل عاطف خان نے دیا تھا۔ جس کے نتیجے میں پاکستان ریلوے اور خیبر پختونخوا حکومت کے مابین اس ٹریک کو دوبارہ بحال کرنے کا معاہدہ طے ہوا تھا۔