کراچی، رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کاروائی میں 2دہشتگرد ہلاک

کراچی۔ کراچی کی بلدیہ مواچھ گوٹھ میں سی ٹی ڈی اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک کردیئے۔

 تفصیلات  کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت محمد رفیق اور محمد عدنان کے نام سے ہوئی جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، دونوں لاشوں کو سول ہسپتال کراچی منتقل کردیا گیا۔

سی ٹی ڈی انچارج مظہر مشوانی نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں سے 2 کلاشنکوف، 2 پسٹل، 9ایم ایم اور بڑی مقدار میں کلاشنکوف اور پسٹل کی گولیاں برآمد ہوئیں، عدنان کا تعلق لشکر جھنگوی اور رفیق کا تعلق ٹی ٹی پی جند اللہ گروپ سے  ہے۔
 
ملزمان ساتھیوں سمیت شہر میں کسی بڑی واردات کی منصوبہ بندی کررہے تھے، تاہم سی ٹی ڈی کی کارروائی کے نتیجے میں کوشش بروقت ناکام بنادی گئی۔