اسلام آباد۔ملک میں محرم الحرام کا چاند نظر آ گیاہے، نئے ہجری سال کا آغاز کل 21 اگست بروز جمعہ سے ہوگا، یوم عاشور 30 اگست بروز اتوار کو ہوگا۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ملک میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔
اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمان نے کی، جبکہ اجلاس میں محکمہ موسمیات اور ماہرین فلکیات نے بھی شرکت کی۔
کراچی کے علاوہ ملک کی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کا اجلاس بھی ہوا۔ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے سربراہ بذریعہ آن لائن مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے رابطے میں رہے۔
بتایا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات اور ماہرین فلکیات نے پہلے ہی پیشن گوئی کر رکھی تھی کہ آج 20 اگست بروز جمعرات کو ملک میں محرم الحرام کا چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔ لیکن ملک بھر میں موسم بھی ابر آلود تھا۔
اب مفتی منیب الرحمان کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ چاند نظر آ چکا، یوں یکم محرم الحرام کل 21 اگست بروز جمعہ کو ہوگی۔ جبکہ یوم عاشور 30 اگست بروز اتوار کو ہوگا۔