مزید طوفانی بارشوں کا امکان، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

اگلے چند روز کے دوران طوفانی بارشیں ہونے کا امکان ہے این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا، کئی علاقوں میں خطرناک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے عوام کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کردی گئی
 ایک ماہ سے زائد عرصے تک سندھ اور بلوچستان میں موسلادھار بارشیں برسانے کے بعد اب مون سون بارشوں کے سلسلے نے پنجاب اور شمالی علاقہ جات کا رخ کر لیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوئیں۔ کئی علاقوں میں اب بھی طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ آئندہ چند روز کے دوران مزید طوفانی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

اس صورتحال میں این ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ کئی علاقوں میں خطرناک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

 واضح رہے کہ رواں سال ملک میں مون سون سیزن کے دوران 20 سے 30 فیصد زائد بارشیں ہونے کی پیشن گوئی کی گئی تھی۔ تاہم اب تک مون سون بارشوں کا زیادہ زور سندھ اور کسی حد تک بلوچستان تک رہا ہے۔

 پنجاب اور شمالی علاقوں میں شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ رواں سال کے مون سون سیزن کا سب سے شدید سلسلہ قرار دیا جا رہا ہے۔