اسلام آباد۔وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں بہت سے لوگوں کو نااہل ہوتا دیکھ رہا ہوں۔عمران خان کسی صورت این آر او نہیں دیگا
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ سب اپنی دو سال کی کارکردگی پیش کررہے ہیں تو ہم بھی عوام کی عدالت میں آئے ہیں،ہم ایشیا کا سب سے بڑا پراجیکٹ دینے جارہے ہیں
ایم ایل ون کے ذریعے پاکستان ریلوے جدید دور میں داخل ہوگی،ایم ایل ون 6 ارب 80 کروڑ ارب ڈالر کا پراجیکٹ ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد کراچی سے لاہور تک کا سفر 8 گھنٹے میں طے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف پاکستان کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، پہلی بار حکومت اور عسکری ادارے ایک پیج پر ہیں، وزیراعظم عمران خان 5 سالہ مدت پوری کریں گے ، تیسرا سال عمران خان کی حکومت کا مثالی سال ہوگا۔ معیشت اب ترقی کرے گی۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں گروہ بندی کا شکار ہیں ۔
میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ اے پی سی نظر نہیں آئے گی، محرم الحرام اور پھر ماہ صفر ہوگا مگر اے پی سی نہیں ہوگی، یہ جو باتیں کررہے ہیں یہ سارے نیب زدہ ہیں، عمران خان ان کو کسی صورت این آر او نہیں دے گا، ان کی خواہشات دل میں ہی رہیں گی۔
اپوزیشن میں بہت سے لوگوں کو نااہل ہوتا دیکھ رہا ہوں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی پارٹی میں واضح گروپنگ ہے، نواز شریف 2 کے بجائے 4 کالز کرلیں، مریم نواز کی ایک ہی خواہش تھی کہ لندن جانے دیا جائے،مایوسی پر مریم نواز نے پتھروں کا جلوس نکالا۔