پنجاب میں بارشوں سے تباہی، 17افراد جاں بحق، متعدد زخمی 

 


لاہور۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث مکانات کی چھتیں اور مٹی کے تودے گرنے سے 17 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کی ابراہیم کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔شیخوپورہ میں مرید کے روڑ پر واقع ملیاں کلاں میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 9  افراد ملبے تلے دب گئے جس میں ایک بچہ اور ایک خاتون جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوگئے۔
 
جڑانوالہ کے تھانہ صدر کی حدود میں خستہ حال چھت گرنے سے ارشد نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ فیصل آباد میں کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔پھالیہ میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں اور 4  بچے جاں بحق ہوگئے۔

 کلرکہار میں کوئلے کی کان پر کام کرنے والے افراد کان میں ہی بنے کمروں میں سور ہے تھے کہ بارش کے باعث ان پر مٹی کا تودا گرا جس کے نتیجے میں 3 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں اسحاق، شمشیر اور ارسلا شامل ہیں۔