خیبر پختونخوا میں فی خاندان 10 لاکھ روپے کی انشورنس ، وزیراعظم کا خیرمقدم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی مشکلات کےباوجود خیبرپختونخوا کا ڈومیسائل رکھنے والے تمام شہریوں کو فی خاندان 10لاکھ روپےکی یونیورسل ہیلتھ انشورنس مہیا کرنے پر صوبائی حکومت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹ میں خیبر پختون خوا کے اس اقدام کو جرات مندانہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانیانِ پاکستان کے خوابوں کی تعبیر اور فلاحی ریاست کی جانب یہ پہلا قدم ہے۔


 
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پالیسی امریکا کی بجائے چند ترقی یافتہ ممالک ہی میں رائج ہے۔ اپنی خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے پہل کرنے پر مجھے فخر ہے اور میں پرامید ہوں کہ دیگر تمام صوبے اسکی تقلید کریں گے۔ وفاق میں بھی ہم اسی جانب پیش قدمی کررہے ہیں۔

اس سے قبل وزیر اعظم نے صحت انصاف کارڈ کی تقریب اجرا سے خطاب کرتے ہوئے اسے تاریخی اقدام قرار دیا۔ اس موقعے پر خیبر پختون خوا اور سٹیٹ لائف انشورنس کے مابین صوبے کے عوام کے لیے یونیورسل ہیلتھ انشورس کی فراہمی کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

اس سکیم کے تحت خیبر پختون خوا کی 60 لاکھ خاندانوں کو صوبے بھر کے 250 سرکاری و نجی ہسپتالوں میں 10 لاکھ روپے تک کی ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔