کراچی کے انفرااسٹرکچر کو جدید بنانے کیلئے 10 ارب روپے درکار ہیں،مرادعلی شاہ

 

 کراچی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  نے کہا ہے کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کو جدید بنانے کے لیے 10 ارب روپے درکار ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل نئے نہیں پرانے ہیں، کراچی میں کچرے کا نہ اٹھایا جانا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور کچرا اٹھانے میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔

 تسلیم کرتا ہوں کے ایم سی کے پاس وسائل کی کمی ہے، کے ایم سی کو ہم وقتا فوقتا نالوں کی صفائی کے لیے پیسے دیتے ہیں اور پچھلے 4 سال میں نالوں کی صفائی پر بہت کام کیا ہے تاہم کراچی کے انفرااسٹرکچر کو جدید بنانے کے لیے 10 ارب روپے درکار ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سب سے زیادہ بارش 1977میں ہوئی تھی جبکہ جمعہ  کو کراچی میں ایک گھنٹے میں 186 ملی میٹر بارش ہوئی۔


 انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے 2 اجلاس ہو چکے ہیں تاہم وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان رابطوں کا فقدان ہے۔