سعودی عرب نے پیسے مانگے، نہ ہی تیل بند کیا ہے، شاہ محمود قریشی  


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر محض قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں انہوں نے پیسے واپس مانگے اور نہ ہی تیل بند کیا۔ 

دفترخارجہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیرکے لیے آوازاٹھائی، وزیراعظم نے ہرجگہ مقبوضہ کشمیرپراپنا موقف پیش کیا۔ مقبوضہ کشمیرکودیکھنے کے اندازمیں عالمی تبدیلی ہورہی ہے، اب آزادانہ انٹرنیشنل کرائسس مینجمنٹ گروپ بھی مقبوضہ کشمیرمیں“انڈیجنس ماس ریزیسٹنس موومنٹ”کے الفاظ استعمال کررہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی معیشت برباد کی گئی، مقبوضہ کشمیرمیں آج بھی پابندیاں ہیں اورکشمیریوں کومسائل کا سامنا ہے، مقبوضہ کشمیر میں سیاسی معاملات زورپکڑتے جارہے ہیں، کشمیری کہہ رہے ہیں کہ ہم بھارت کے جموں و کشمیر کے اٹوٹ انگ ہونے کے خود ساختہ دعوؤں کو تسلیم نہیں کرتے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حال ہی میں میں چین کے دورے سے واپس لوٹا ہوں، چین نے واضح کیا کہ چین بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کوغیر قانونی سمجھتا ہے، چین نے کہا کہ وہ لداخ اور کشمیر پر بھارتی موقف کو تسلیم نہیں کرتے، ابھی لداخ کے حوالے سے بھارت اور چین کا معاملہ ختم نہیں ہوا، حالانکہ اب تک دونوں مالک میں 5 مرتبہ مذاکرات ہو چکے ہیں، چین نے واضح طور پر کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کو حل ہونا چاہیے، مشترکہ تزویراتی مفادات کے دفاع کے لیے پاکستان اور چین مشترکہ اقدامات اٹھائیں گے، پاک چین مذاکرات پر بھارتی موقف بلا جواز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، چین نے بھارت کے سی پیک پر اعتراضات کو یکسر مسترد کردیا ہے۔

 سعودی عرب سے تعلقات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی عرب کے حوالے سے محض قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، سعودی عرب نے پیسے واپس مانگے اورنہ ہی تیل بند کیا ہے، اسرائیل کوتسلیم کرنے کے حوالے سے کسی دباؤ میں نہیں۔