مڈغاسکر کی جیل میں جھڑپیں اور فائرنگ،20قیدی ہلاک،31فرار

 

انٹانناریو۔مڈغاسکر میں ایک جیل میں ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں، محافظوں اور قیدیوں میں جھڑپ اور پولیس کی فائرنگ سے بیس قیدی ہلاک ہوگئے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق مڈغاسکر کی وزارت انصاف نے بتایاکہ تشدد کا یہ واقعہ ملک کے جنوب مشرق میں واقع شہر فارافنگانا میں پیش آیا اور وہاں جیل میں قیدیوں نے فرار ہونے کے لیے پہلے محافطوں پر اینٹوں اور پتھروں سے حملہ کردیا تھا اور ان میں سے ایک سے بندوق چھین لی تھی۔

جیل میں جھڑپ کے بعد حکام نے پولیس اور فوج کو طلب کر لیا تھا۔ جیل سے 88 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔پولیس نے ان میں سے 37 کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 20 قیدی ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔

وزارت نے بتایا کہ 31 قیدی ابھی مفرور ہیں۔اس نے ملک بھر میں تمام جیلوں میں سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔مڈغاسکر میں جیلوں سے قیدیوں کے فرار کے واقعات شاذ ونادر ہی رونما ہوتے ہیں۔

 2016 میں قریبا 40 قیدی ملک کے جنوب میں واقع شہر ٹولیاری میں ایک انتہائی سکیورٹی والی جیل کو توڑ کر فرار ہوگئے تھے۔ مڈغاسکر براعظم افریقا میں ہے اوربحر ہند میں واقع جزیرہ ہے۔