بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے ایک بار پھر مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچا اور عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے نکالے گئے جلوس پر دھاوا بول دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر بریلی میں ہندو انتہا پسندوں نے عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے نکالے گئے جلوس کو روڈ بلاک کر کے روکا اور جلوس پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بریلی میں ہر سال کی طرح اس بار بھی عید میلاد النبی ﷺ کا جلوس نکالا جانا تھا جس کی باقاعدہ اجازت لی گئی تھی لیکن جلوس سے کچھ گھنٹے قبل انتظامیہ نے کہا کہ مقامی افراد نے شکایت کی ہے اس لیے جلوس کا مقام تندیل کر دیا جائے۔
رپورٹس کے مطابق جلوس انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد طے پایا کہ جلوس جوگن واڈا کی موریا گلی سے نکالا جائے گا لیکن جب ہندو انتہا پسندوں کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے روڈ بلاک کر کے عید میلاد النبی ﷺ کا جلوس روک دیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو انتہا پسندوں نے مدھیہ پردیش کے علاقے مندسور میں بھی مسلمانوں کی دکانوں کی نشاندہی کر کے توڑ پھوڑ کی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے، وائرل ویڈیو میں ہندو انتہا پسندوں کو مسلم مخالف نعرے بازی کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔