اسلام آباد۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی صحت پر سیاست کی، نواز شریف کی واپسی کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال میں لائے جائیں، اپوزیشن کا فوکس ملکی مفاد نہیں بلکہ شریف خاندان کے مقدمات سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے، ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سوموار کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ میں حکومتی ترجمانوں کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں پارلیمنٹ میں قانون سازی سے متعلق ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کے بیانیہ سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، نواز شریف کو وطن واپس لانے سے متعلق حکومتی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔قومی اسمبلی میں ایف اے ٹی ایف قوانین منظوری سے متعلق حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا، ترجمان کو ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کو موثر طور پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عدالتوں کو مطلوب افراد کو واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے، مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی صحت پر سیاست کی، نواز شریف کی واپسی کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال میں لائے جائیں،وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ معیشت سے متعلق فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں اب پوری توجہ بہتر معاشی اشاریوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے پر ہے۔