اسلام آباد۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا۔
صدر مسلم لیگ (ن)میاں شہباز شریف نے حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے غریب کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، تبدیلی سرکار دو سال میں نوازشریف کے تین ادوار سے زیادہ قرض لے چکی
حکومت کوعوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے، دو سال میں مہنگائی اور بیروزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے مشکلات کے علاوہ کچھ نہیں کیا، ن لیگ دورمیں تاریخ سازترقی ہوئی،موجودہ حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے لائیں گے او ر اس حکومت کے پراپیگنڈے کیخلاف تمام آئینی و قانون اقدامات اٹھائیں گے، نواز شریف جیسے ہی صحت یاب ہو ئے وطن واپس آ جائیں گے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، راجہ ظفرالحق‘ خواجہ آصف، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، خرم دستگیر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے نوازشریف کی قیادت میں تاریخی اقدامات کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کیے جبکہ آج بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے اورلوگوں کو مہنگی بجلی بھی مل رہی ہے لوگ پرانے پاکستان کو ترس رہے ہیں،میاں شہباز شریف نے کہا کہ کسی ایک منصوبے میں بھی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے ہیں۔
انہوں نے کہ اس وقت چینی کی قیمت 100روپے کلو ہو گئی ہے۔روپے کی قدر40فیصد کم کی گئی لیکن اس کے باوجودایکسپورٹ میں اضافہ نہیں ہوا، دنیا میں تیل کی قیمت زمین پرآچکی ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت نے قیمتیں بڑھا دی ہیں، حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بلا تفریق احتساب کے خلاف نہیں ہیں لیکن کابینہ میں موجود لوگوں سے کچھ بھی نہیں پوچھا جاتا ہے میاں شہبازشریف نے حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتے تھے مر جائیں گے لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے تو وہ باتیں کہاں گئیں؟شہباز شریف نے استفسار کیا کہ این آراو نہیں دوں گاکے نعرے سے کیا لوگوں کے پیٹ بھرجائیں گے؟ موجودہ حکومت کی دو سالہ کارکردگی کا موازنہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے کرتے ہیں تو نواز شریف کے دور حکومت میں عوام کی خوشحالی کے اقدامات اور منصوبے بڑی تیزی سے مکمل ہوئے، اس کی 72سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی،
خواجہ آصف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی ناکامی ہے، انہوں نے شہیدوں کے لہو سے غداری کی، ہماری حکومت میں یہ ہمیں مودی کا یار کہتے رہے، امریکہ کے ساتھ تعلقات میں کیا کامیابی حاصل کی، موجودہ حکومت کو اپنی ناکامیوں کے اوپر نہ شرم آتی ہے نہ حیاء آتی ہے، پاکستان دنیا کے اندر آج تنہا کھڑا ہے،
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ انرجی کے شعبے میں حکومت کی نااہلی نے ہزاروں ارب روپے کا نقصان پہنچایا،وزراء کے پاور پلانٹس چل رہے ہیں، مہنگی بجلی دے رہے ہیں،گھریلو صارفین کے بجلی کے بلوں میں 30فیصد اضافہ کردیا گیا،وزراء نے گردشی قرضے کنٹرول کرنے کیلئے بجلی کی قیمت بڑھائی، حکومت بے خبر اور جھوٹ بول رہی ہے۔ گردشی قرضوں میں یومیہ 120کروڑکااضافہ ہورہاہے،-4ہزارمیگاواٹ کے کول پاورپلانٹ لگائے گئے۔