اداروں کو تباہ کرنے والے اپوزیشن میں بیٹھے ہیں، سینیٹر شبلی فراز 

 

 اسلام آباد۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے ایسی باتیں کی ہیں جیسے وہ کسی اور ملک سے آئے ہیں،مختلف اداروں کی تباہی کے ذمہ دار یہی لوگ ہیں جو اپوزیشن میں بیٹھے ہیں، ان لوگوں کو ایک ہی ایجنڈا ہے کہ جتنا مال بنا سکتے ہو بناؤ،منی لانڈرنگ روکنے والے اداروں میں انہوں نے اپنے لوگ بٹھائے ہوئے تھے، عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے طریقہ کار پر بات ہو رہی ہے۔ 

 وفاقی وزیر حماد اظہر کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہاکہ اپوزیشن نے عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر عام انتخابات میں مستر د کر دیا تھا۔شہباز شریف اور ان کے ساتھ بیٹھے افراد کی زیادہ تر باتوں پر ہنسی آئی۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں یونیورسل صحت بیمہ پروگرام متعارف کرا چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی آر ٹی سے پشاور کے ٹرانسپورٹ کے زیادہ تر مسائل حل کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہاکہ یہ وہی لوگ تھے جنہوں نے بجلی منصوبوں میں کمیشن لی۔ انہوں نے کہاکہ آج عوام انہی عناصر کی کرپشن کے باعث مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں۔ 

انہوں نے کہاکہ ن لیگ نے پاکستان کو ”درآمدی ملک“بنا دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اپنے دور حکومت میں ان لوگوں نے ڈالر کو مصنوعی طریقے سے مستحکم رکھا۔ انہوں نے کہاکہ ملکی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو ریکارڈ بلند سطح پر پہنچانے میں ن لیگ نے سخت”محنت“کی،ماضی میں توانائی منصوبوں پر صرف کمیشن کے لیے جلدی کی گئی۔

 وفاقی وزیر حماد اظہرنے کہاکہ ہمارے دور میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 20ارب سے کم ہو کر 3ارب ڈالر تک آ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا، زرمبادلہ ذخائر اب مستحکم ہیں۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ کے دور میں ”کارکے“اور ”ریکوڈک“کے معاملات خراب ہوئے،ہمیں معلوم ہے جب کسی مافیا پر ہاتھ ڈالا جائے تو سخت ردعمل بھی آتا ہے۔