بلدیات خیبر پختونخوا کے   ”ببرشیر  “ کا خطاب پانے والے افسرکا اقدام خودکشی، حالت تشویشناک

پشاور (ویب ڈیسک) بلدیات خیبر پختونخوا کے ”ببرشیر“  کا خطاب پانے  والے افسر نے خود کو گولی ماردی، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق ٹی ایم اے، ٹاؤن تھری پشاورکے ایدمنسٹریٹر ریاض اعوان نے پستول سے خود کو گولی مار کر شدید زخمی کردیا۔ مجروح کوتشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع پر بلدیات کے افسروں اور اہلکاروں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی۔


تفصیلات کے مطابق بلدیات کے ایڈمن کیڈر کے افسر ریاض اعوان نے شدید ڈپریشن کے باعث خودکشی کی کوشش کی ہے۔انہوں نے اپنی پستول سے سینے پر گولی داغ دی۔ انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے  جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ریاض اعوان کے اقدام خودکشی کی خبر پر بلدیات کے افسروں اور اہلکاروں کی کثیر تعداد ہسپتال پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ ریاض اعوان کا حال ہی میں بحیثیت ایڈمنسٹریٹر، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن، ٹاؤن تھری پشاورتبادلہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ ٹاؤن ون،پشاور میں ٹی اوآر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے تھے۔انہوں نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے بھی بہترین کارکردگی سرانجام دی اس دوران وہ کورونا کا شکار بھی ہوئے۔

بلدیات کے ایڈمن کیڈر کے افسریاض اعوان نے سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے دور میں صوبائی دارالحکومت پشاور میں تجاوزات کیخلاف  ہونے والے گرینڈ آپریشن میں بہترین کارکردگی دکھائی جس پر انہیں انکی بہترین خدمات کے اعتراف میں ”ببرشیر“ کاخطاب بھی دیا گیا تھا۔   

مجروح نے ہسپتال میں پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس نے شدیدڈپریشن کی وجہ سے خود کو گولی ماری ہے تاہم پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے مزید کسی بھی پیش رفت سے میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا۔