قسم کھاتا ہوں کبھی عوام کے پیسے کو نقصان نہیں پہنچایا،شہباز شریف 

 

لاہور۔صدر مسلم لیگ (ن)شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نواز شریف کی صحت پر سیاست کر رہی ہے، حکومت نے ہی نواز شریف کو اجازت دے کر باہر بھیجا تھا۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے گئے ہیں، ایک دھیلے کی کرپشن بھی نہیں کی۔اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتیں شرکت کریں گی، اشیا خوروش کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں۔

قبل ازیں منی لانڈرنگ کیس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور کہا فاضل جج صاحب میں نے اپنے دور میں کروڑوں روپے بچائے، قومی خزانے کو آج تک نقصان نہیں پہنچایا، اربوں روپے کی سرمایہ کاری پاکستان لے کر آیا ہوں، قسم کھاتا ہوں کبھی عوام کے پیسے کو نقصان نہیں پہنچایا۔ نیب نے 56 روز جسمانی ریمانڈ پر دوسرے کیسز میں رکھا۔ نیب صاف پانی، آشیانہ اور56 کمپنیز کیس میں کچھ ثابت نہیں کرسکا۔

فاضل جج نے کہا شہباز شریف صاحب  قانون کے مطابق الزامات کا بغور جائزہ لیں گے،  قانون میں جس پر الزام لگتا ہے اس کے بڑے حقوق ہوتے ہیں۔ اگر آپ پر الزامات ثابت نہ ہو سکے تو آپ کو بری کر دیا جائے گا۔ ادھرآپ کو ایسی کوئی چیز نہیں ملے گی جس میں شفافیت نہ ہو،الزامات جھوٹے ہوئے تو آپ باعزت بری ہوں گے۔ 

شہباز شریف نے کہا مجھے اللہ اور آپ کی عدالت پریقین ہے۔ قائد حزب اختلاف کی استدعا پر کمرہ عدالت سے جانے کی اجازت پر فاضل جج نے کہا آپ کی حاضری مکمل ہوچکی، آپ جاسکتے ہیں۔
شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر پولیس نے لیگی کارکنوں کو احتساب عدالت میں داخلے سے روک دیا۔ لیگی کارکنوں اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل ہوئی۔ ایم او کالج سے لیکر سول سیکرٹریٹ چوک تک سٹرکوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کیا گیا جبکہ پولیس نے راستوں کو کیٹنر اور خاردار تاریں لگا کر بند کر رکھا تھا۔