ملک لوٹنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں دینگے، وزیراعظم 

 

 اسلام آباد۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ ملک لوٹنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں دے سکتے اور اس حوالے سے وہ اپنے منشور پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، غریب عوام کی فلاح وبہبود ان کی اولین ترجیح ہے اس لئے احساس پروگرام کے تحت شروع کئے گئے منصوبوں کا فوکس غربت کی چکی میں پسنے والے افراد ہیں، علماء کرام مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں، وہ ممتاز مذہبی رہنما حافظ طاہر اشرفی سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے ان سے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ 

ذرائع کے مطابق حافظ طاہر اشرفی نے دینی مدارس کو قومی دھارے میں لانے اوریکساں نصاب کے حوالے سے حکومت کی پالیسیوں کو سراہا اورکہا کہ دینی مدارس کے طلباء بھی جدید علوم سیکھ رہے ہیں تاکہ عصر حاضر کے تقاضوں کا مقابلہ کرسکیں۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اس سے نبرد آزماہونے کیلئے ان کی حکومت تمام تر وسائل استعمال میں لارہی ہے۔

 کورونا وباء میں کمی کے بعد معاشی صورتحال میں بہتری آرہی ہے اوراب وہ غریب افراد کا معیار زندگی بہتر بنانے کی جانب توجہ دے رہے ہیں۔ اسی لئے احساس پروگرام کے تحت اربوں روپے میرٹ پر تقسیم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک لوٹا وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ایسے لوگوں کو وہ کسی صورت این آر او نہیں دینگے بلکہ کرپٹ افراد کے خلاف تیزی سے کارروائی ہونی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے منشور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ان منصوبوں کو زیادہ ترجیح دی جارہی ہے جس سے عوام کو زیادہ فائدہ ہو۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی پر زور دیا اور کہا کہ علماء کرام بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔