سگریٹ نوشی کورونا کے حملے کا سبب بن سکتی ہے، ماہرین کا نیا انتباہ

 

 سڈنی۔آسٹریلوی ماہرین نے تمباکو نوشی کرنے والے افراد کو ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ سگریٹ انسانی جسم میں موجود خاص قسم کی پروٹین کی جنیاتی تبدیلی کو بڑھا دیتی ہے جو کورونا کے حملے کا سبب بن سکتی ہے۔

 غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا میں ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ کوروناوائرس عمومی طور پر انسانی جسم میں موجود ACE2 نامی پروٹین پر حملہ کرتا ہے اور اسی کے ذریعے جسم میں اپنی جگہ بناتا ہے۔

 تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی کی وجہ سے ACE2 میں پائی جانے والی جنیاتی تبدیلی بڑھ جاتی ہے جو باآسانی مہلک وائرس کی پکڑ کا سبب بنتی ہے، مذکورہ پروٹینز ہیلتھی سیلز کی سطح پر ہوتی ہیں۔

 آسٹریلوی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی سڈنی میں ہونے والی ریسرچ ماہرین کی سربراہی کرنے والے ایلن فز کا کہنا تھا کہ صرف تین سگریٹ پروٹین کی جنیاتی تبدیلی میں اضافہ کرسکتی ہیں اس طرح ایس سی ای 2 بڑھ جاتی ہے اور کورونا کے حملے کا راستہ صاف ہونے لگتا ہے۔ 

ایلن نے بتایا جس نے ایک سے زائد مہینے سے سگریٹ نوشی ترک کردی ہے اس میں ACE2 کا لیول کم ہوجاتا ہے اس طرح مہلک وائرس کے جسم میں سمانے میں رکاوٹ آجاتی ہے۔

 تحقیق کے مطابق انسانی پھیپھڑوں سے زیادہ ناک میں مذکورہ پروٹین کی افزائش دیکھی گئی ہے۔