اسلام آباد۔ وزارت نجکاری کے زیرانتظام اسلام آباد میں سرکاری اداروں کی پانچ املاک پندرہ کروڑ چونسٹھ لاکھ پچاس ہزارروپے میں نیلام ہوگئیں۔
وفاقی وزیربحری امورعلی زیدی نے کہا ہے کہ ملک کا ترقیاتی پروگرام قرض پر چل رہا ہے وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ سرکاری املاک کی فروخت سے قرض اور اخراجات کم کرنے میں معاون ہوں گی۔
وزارت نجکاری کے زیر انتظام اسلام آباد میں سرکاری اداروں کی املاک کی نیلامی کی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ وزیراعظم کی نجکاری میں گہری دلچسپی ہے۔
حکومت نے اس سال 19اداروں کی نجکاری کا ہدف رکھا ہے ان سرکاری املاک کی فروخت سے حاصل شدہ رقم قرض کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
مہمان خصوصی وزیر بحری امورعلی زیدی نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں تاریخی کام ہوئے ساری وزارتوں سے املاک لیکرنجکاری کا عمل شروع کیا،حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ہوتا،سرکاری کمپنیوں میں بہت کم منافع بخش ہیں ملک کا ترقیاتی پروگرام قرض پر چل رہا ہے۔
نجکاری کمیشن کی جانب سے سرکاری زمینوں کی نیلامی کے پہلے مرحلہ میں پانچ سرکاری املاک کی نیلامی کی گئی جس میں زلزلہ بحالی و تعمیر نو اتھارٹی یعنی ایرا کی پیر سوہاوا کی زمین سمیت اسلام آباد کنٹری کلب میں واقع دو فلیٹس سینٹورس مال اور زیرو پوائنٹ میں دو فلیٹس کی نیلامی کی گئی۔
ان املاک کی ریزرو قیمت چودہ کروڑ پانچ لاکھ پچیس ہزار روپے مقرر کی گئی تھی تاہم بولی سے پندرہ کروڑ چونسٹھ لاکھ پچاس ہزارروپے وصول ہوئے ۔