امریکی جریدے فوربز کی جانب سے سالانہ شائع کی جانے والی 400 امیر ترین امریکیوں کی فہرست میں 66ویں نمبر پر پاکستانی نژاد امریکی شاہد خان ہیں جن کی کُل دولت کا تخمینہ 7.8 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
ایمازون ویب سائٹ کے بانی اور مالک جیف بیزوس مسلسل تیسرے سال بھی اس فہرست میں سب سے پہلے نمبر پر ہیں اور ان کی کل دولت کا تخمینہ 179 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
جیف بیزوس کے بعد دوسرے نمبر پر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ہیں جن کی دولت 111 ارب ڈالر ہے اور تیسرے نمبر پر فیس بک کے بانی اور مالک مارک زگربرگ ہیں جن کی دولت کا تخمینہ 85 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
فوربز میگزین کے مطابق پاکستان کے شہر لاہور میں پیدا ہونے والے شاہد خان 1967 میں سولہ برس کی عمر میں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے امریکہ آئے اور اس وقت ان کی جیب میں صرف 500 ڈالر تھے۔
انھوں نے الینوئے میں انجنیئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد گاڑیوں کے پرزے بنانے والی ایک کمپنی فلیکس این گیٹ میں ملازمت اختیار کر لی اور کچھ عرصے بعد 1980 میں انھوں نے اسی فرم کو خرید لیا۔
شاہد خان کی کامیابی کی وجہ بنی تھی ان کا ڈیزائن کردہ بمپر اور اب ان کی کمپنی کے دنیا بھر میں 64 پلانٹس ہیں اور 24 ہزار سے زیادہ افراد ان کے لیے کام کرتے ہیں۔
گذشتہ سال انھوں نے اپنے بیٹے ٹونی خان کے ساتھ ’آل الیٹ ریسلنگ‘ کے نام سے نئے کاروباری سلسلے کی بنیاد رکھی تھی جس کا پہلا ہفتہ وار شو اکتوبر 2019 میں نشر ہوا اور جنوری 2020 میں انھوں نے وارنر میڈیا کے ساتھ چار سالہ معاہدہ کر لیا۔
اس کے علاوہ وہ امریکہ میں نیشنل فٹبال لیگ کے کلب ’جیکسن ول جیگورز‘ کے بھی مالک ہیں جسے انھوں نے 2012 میں خریدا تھا اور اس کے علاوہ برطانوی فٹبال کلب فلہم اور فروری 2020 میں شروع ہونے والا چینل بلیک نیوز چینل بھی ان کی ملکیت ہے۔
دوسری جانب فوربز میگزین کے مطابق ان کی فہرست میں اگر شرح فی صد کے حوالے سے دیکھیں تو سب سے زیادہ اضافہ سپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی اور مالک ایلون مسک کی دولت میں ہوا جس میں گذشتہ 12 ماہ میں 242 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
امریکہ کے 400 امیر ترین شہریوں کی دولت کی کُل مالیت 30 کھرب سے زیادہ ہے جس میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 240 ارب کا اضافہ ہوا ہے۔
فوربز میگزین نے اس فہرست میں شامل افراد کی دولت جانچنے کے لیے اس سال 24 جولائی کو سٹاک مارکیٹ کی قیمتوں کی مدد سے تخمینہ لگایا ہے۔