اسلام آباد.سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے اس من گھڑت اور بے بنیاد الزام کا نوٹس لیا ہے کہ اس کی ویب سائٹ پر موجود مواد تبدیل کیا گیا ہے۔یہ ایک غلط فہمی ہے کیوں کہ کمیشن کی ویب سائٹ ادارے کے اعدادوشمار کی نمائندگی کرتی ہے
ویب سائٹ پر موجود معلومات محدود نوعیت کی ہوتی ہیں اور ان کا مقصد عوام کو فوری معلومات فراہم کرنا ہے ویب سائٹ پر واضح الفاظ میں تنبیہہ کی گئی ہے کہ یہاں فراہم کی جانے والی معلومات فوری طور پر حوالہ دینے اور سہولت مہیا کرنے کی غرض سے دی جاتی ہیں۔
کمیشن کا آفیشل ریکارڈ مکمل طور پر محفوظ ہے اور مصدقہ اعدادوشمار اور معلومات مجوزہ طریقہ کار پر عمل پیر ا کرتے ہوئے کمپنیوں کی رجسٹریشن دفاتر میں درخواست دے کر حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ایس ای سی پی عوام کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے اور وہ اس مقصد کے لئے اپنی ویب سائٹ پر مسلسل نئے فیچر متعارف کرواتی ہے اور فنی خرابیاں دور کرتی رہتی ہے۔
ایس ای سی پی میڈیا کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتا ہے جو ہمیشہ کمیشن کی سرگرمیوں اور اقدامات کی رپورٹنگ ذمہ درانہ انداز میں کرتے ہیں۔ پبلک سیکٹر کے ذمہ دار ریگولیٹر ہونے کی وجہ سے ، ایس ای سی پی شفاف انداز میں اپنی سرگرمیاں انجام دیتا ہے ۔کمیشن ہمیشہ معلومات / وضاحتیں فراہم کرتا ہے اور طریقہ کار اور پالیسی کے مطابق جائز سوالات کا جواب دیتا ہے۔
تاہم کمیشن شرپسند عناصر کے یکطرفہ زبانی سوالات پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتا ہے۔ایس ای سی پی بحیثیت ایک ذمہ دار اور ترقی پسند ریگولیٹر کے طور پر اس کی ساکھ کو مجروع کرنے اور پاکستان کے شہریوں کو دھوکہ دینے کے لئے اس نوعیت کی غیر سنجیدہ اور کردار کشی پر مبنی مہم اور کوششوں کو مسترد کرتا ہے۔
ایس ای سی پی نے تصدیق کی ہے کہ اس کا ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ ہے۔