پشاور۔صوبائی دارالحکومت پشاور میں سابقہ دشمنی کی بناء پر مسلح ملزموں نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ میاں بیوی سمیت 4راہگیر شدید زخمی ہوگئے۔
اندھا دھند فائرنگ سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس حکام بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مختلف زاویوں پر تفتیش شروع کردی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز ملک محمد علی ولد محمود علی سکنہ گڑھی صحبت خان اپنے محافظوں عامر ولد جہانزیب اور اشفاق ولد رحمت گل ساکنان باڑہ گیٹ کے ہمراہ گھر جارہا تھا کہ اس دوران تھانہ مچنی گیٹ کے علاقہ اسلم ڈھیری چاگ لارہ میں پہلے سے گھات لگائے مخالفین نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ تینوں متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں ایک رکشہ بھی آیا جس میں سوار میاں بیوی سمیت 4افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ راہگیر زخمیوں میں دولت ولد حکیم خان ساکن متھرا، عمران ولد گل مست ساکن داؤدزئی، شیر بہادر ولد طاوس خان ساکن اسلم ڈھیری اورمسماۃ (س) زوجہ شیر بہادر ساکن اسلم ڈھیری شامل ہیں۔
پولیس نے فضل کریم ٗواقف ٗ سیف اللہ ٗ عادل ٗ عاصم اور عاقل کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
مچنی گیٹ پولیس نے اسلم ڈھیری روڈ پر تہرے قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول ملک محمد علی اور ملزمان آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں۔
کچھ عرصہ قبل مقتول ملک محمد علی فریق کی جانب سے ملزم فریق سے ایک شخص کو قتل کیاگیا تھا جس کے بعد ملزم فریق نے مقتول فریق کے بھائی کو قتل کیا تھا تاہم گزشتہ روز ملزم فریق نے ملک محمد علی کو دو محافظوں سمیت قتل کردیا یوں اب تک اس دشمنی میں پانچ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔