لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بچیوں سے مبینہ زیادتی کے مزید 7 کیسز سامنے آئے ہیں
نارروال کی تحصیل ظفر وال کے علاقے تھانہ شاہ غریب میں گھر سے دودھ خریدنے کے لیے جانے والی 7 سالہ بچی کو ایک شخص نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق بچی کی چیخ و پکار پر اہل علاقہ جمع ہوئے جس پر فیصل نامی ملزم وہاں سے فرار ہوگیا۔ تھانہ شاہ غریب کی پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
یہ اطلاع بھی سامنے آئی کہ مذکورہ واقعے سمیت گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بچیوں سے زیادتی کا یہ تیسرا واقعہ پیش آیا ہے، اس سے قبل تھانہ لیسر اور تھانہ ظفر وال کی حدود میں مبینہ زیادتی کے کیسز رپورٹ ہوئے۔
دوسری جانب پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیر محل میں سوتیلے باپ نے بیٹی سے زیادتی کی کوشش کی، ملزم کو پولیس نے گرفتار کر کے متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
پنجاب کے ضلع پاک پتن کے نواحی گاؤں میں ایک شخص نے 8 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی، ملزم کی زور زبردستی پر بچی نے شور مچایا جس پر اہل علاقہ جمع ہوئے اور پھر اُسے پولیس کے حوالے کیا۔ پولیس نے متاثرہ بچی کے اہل خانہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کی تحصیل مرید کے کے علاقے آبادی مبارک آباد میں پانچ سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کی گئی، پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی درخواست پر ملزم کو حراست میں لے لیا۔
اس سے قبل بہاولپور میں زیادتی کے دو کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے پہلا بہاولپور کے علاقے 7 بی سی میں پیش آیا جہاں تین ملزمان نے شادی سے واپس گھر جانے والی لڑکی کو اغوا کیا اور پھر اُسے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
ذرائع کے مطابق تینوں ملزمان لڑکی کو اغوا کرکے لے گئے اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکی کا پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہنا تھا کہ ملزمان نے دھمکی دی تھی کہ اگر پولیس کو بتایا تو جان سے مار دیں گے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی، متاثرہ لڑکی کو میڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد تفتیش میں مزید پیش رفت ہوگی۔
دوسرا واقعہ بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں واقع بہاول واہ میں پیش آیا جہاں بااثر شخص نے 12 سال کی بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی۔ متاثرہ بچی کو اہل خانہ نے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جبکہ والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
متاثرہ بچی کی والدہ کا کہنا تھا کہ ’خالد نامی بااثر شخص نے اسلحے کے زور پر بیٹی کے ساتھ زیادتی کی، ملزم نے گھر میں زبردستی داخل ہوکر بیٹی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا‘۔
قبل ازیں پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں سوتیلے باپ نے مبینہ طور پر 17 سالہ بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
لڑکی نے الزام عائد کیا کہ اس کا سوتیلا باپ اس سے پہلے کئی بار اسے زیادتی کا نشانہ بنا چکا ہے، پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اہل محلہ نے ملزم گلزار کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چالیس سالہ گلزار نامی ملزم سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، لڑکی کی میڈیکل رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔