لاہور. لاہور سیالکوٹ موٹروے اجتماعی زیادتی کیس کی تفتیش کے چھٹے روز کیس کی تفتیش نیا رخ اختیار کرگئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جائے وقوعہ پر دو کی بجائے 3 ملزمان موجود تھے پولیس نے واردات کے تیسرے شریک ملزم اقبال عرف بالا مستری کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق اقبال عرف بالا مستری کی گرفتاری گزشتہ روز گرفتار کئے جانے والے ملزم شفقت کے ابتدائی بیان کی روشنی میں عمل میں آئی ہے جس کے مطابق وقوعہ کے روز واردات کا مرکزی ملزم عابد، شفقت اور اقبال عرف بالا مستری واردات سے قبل جائے وقوعہ پر موجود تھے لیکن ملزم اقبال عرف بالا مستری کو کہیں سے فون آگیا جس کے بعد وہ واردات میں شامل ہوئے بغیر جائے وقوعہ سے چلا گیا۔
یہ بھی بتایاگیاہے کہ پولیس نے تیسرے ملزم اقبال عرف بالا مستری کا بھی ڈی این اے کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دوسری طرف پولیس واردات کے مرکزی ملزم عابد کو تاحال گرفتار نہیں کرسکی۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تیسرے شریک ملزم اقبال عرف بالا مستری کو پولیس نے ساہیوال چیچہ وطنی سے گرفتار کیا ہے۔