کراچی میں سوک سینٹر میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے دفتر میں فائرنگ کے نتیجے میں دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز جاں بحق اور ایک سپرنٹنڈنٹ زخمی ہوگیا۔
نیوٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ واقعہ سوک سینٹر میں کے ڈی اے کے دفتر میں پیش آیا جہاں دو افسران جاں بحق ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افسران میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے ڈی اے 54 سالہ محمد وسیم عثمانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے ڈی اے 53 سالہ وسیم رضا شامل ہیں۔
ایس ایچ او نیوٹاؤن نے کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں سپرنٹنڈنٹ کے ڈی اے 54 سالہ حفیظ زخمی ہوا اور انہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام افسران ایک کمرے میں بیٹھتے تھے جبکہ جھگڑے کی اصل وجوہات زخمی افسر کے بیان کے بعد واضح ہوجائے گی۔زخمی افسر اس وقت ہسپتال میں داخل ہیں اور بیانات دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ سوک سینٹر میں جھگڑے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد زخمی ہوئے تاہم بعد ازاں ایک افسر دم توڑ گیا۔