لاہور. لاہور میں اجتماعی زیادتی کا ایک اور انتہائی افسوناک واقعہ، ڈکیتی کی واردات کے دوران خاتون کو شوہر اور بیٹے کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں زیادتی کا ایک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہورکے علاقے رائیونڈ میں خاتون کو اس کے گھر میں شوہر اور بیٹے کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔
2 ملزمان نے رائیونڈ کے علاقے میں واقع گھر میں ڈکیتی کی واردات کی اور اس دوران گھر میں موجود باپ بیٹے کو یرغمال بنا لیا۔
ڈاکووں نے باپ بیٹے کے سر پر بندوق تان کر ان کے سامنے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
متاثرہ خاندان نے بتایا ہے کہ پولیس کی جانب سے ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے کوئی کوشش نہیں کی گئی۔یہ دلخراش واقعہ 12 روز قبل پیش آیا، تاہم پولیس نے اس حوالے سے تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا۔
واضح رہے کہ پنجاب میں خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 2020ء کے پہلے 6 ماہ کے دوران اجتماعی زیادتی کے 77 واقعات رپورٹ ہوئے، 60 فیصد ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ گوجرانوالہ ریجن اجتماعی زیادتی کے واقعات میں 30 واقعات کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا جبکہ فیصل آباد ریجن میں اجتماعی زیادتی کے 12 واقعات سامنے آئے۔
ملتان ریجن میں اجتماعی زیادتی کے 9 مقدمات درج ہوئے، لاہور میں اجتماعی زیادتی کے 7 واقعات سامنے آئے، اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان ریجن میں اجتماعی زیادتی کے 6، شیخو پورہ اور راولپنڈی میں 5، 5 واقعات رپورٹ ہوئے، بہاولپور اور ساہیوال ریجن میں ایک ایک اور سرگودھا میں اجتماعتی زیادتی کے 2 واقعات ہوئے۔