لکھنؤ: بھارتی ریاست اتر پردیش میں سفاک شوہر نے بچے کی جنس معلوم کرنے کے لیے اپنی بیوی کا پیٹ چاک کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے علاقے بریلی میں خون میں لت پت خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، اہل خانہ کا کہنا تھا کہ خاتون کے شوہر نے اُس کا پیٹ چھری سے چیر دیا۔
ڈاکٹرز نے خاتون کو ہسپتال میں داخل کرنے کے بعد اُن کا علاج شروع کیا جبکہ اسی دوران پولیس کو بھی طلب کرلیا گیا تاکہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
متاثرہ خاتون کے اہل خانہ سے تعلق رکھنے والی خاتون نے بتایا کہ ’پنّا لال کی خواہش تھی کہ اُس کے گھر لڑکے کی پیدائش ہو، وہ حمل کے حوالے سے اس قدر تذبذب کا شکار تھا کہ اُس نے بچے کی جنس معلوم کرنے کے لیے جرم کیا‘۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ وہ 6 سے 7 ماہ کی حاملہ ہے، شوہر نے متعدد بار لڑکے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر میں نے اسے بتایا کہ ڈاکٹرز نے یہی خوش خبری سنائی مگر وہ پہلے دیکھنا چاہتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ’ہماری پانچ بیٹیاں ہیں، اب کی بار وہ اس بات کا خواہش مند تھا کہ بیٹا ہی ہوا‘۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔