ڈی آئی خان، 9مسلح افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ، 17سالہ لڑکی جاں بحق، ماں زخمی

 

ڈیرہ اسماعیل خان۔تھانہ بند کورائی کے علاقہ اعوان میں سابقہ لڑائی جھگڑے کے تنازعہ پر رات گئے 9مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے ماں بیٹی پر فائر کھول دیا، فائرنگ کے نتیجے میں 17سالہ بیٹی جاں بحق جبکہ اسکی 51 سالہ ماں زخمی ہوگئی۔

 بند کورائی پولیس نے 9نامزد ملزمان کیخلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ 

تفصیلات کے مطابق تھانہ بند کورائی کے علاقہ اعوان میں سابقہ لڑائی جھگڑے کے تنازعہ پر رات گئے ساڑھے بارہ بجے کے قریب لطیف، محمد جان ولد اللہ داد، خان زمان، کفایت اللہ ولد لطیف سمیت9مسلح افراد نے مخالف شخص فلک شیر اعوان کے گھر میں داخل ہوکر اہل خانہ پر فائر کھول دیا۔

 مقامی ذرائع کے مطابق فریقین میں سابقہ دشمنی کی بناء پر گھر کے مرد علاقہ میں موجود نہیں تھے۔ 

مسلح افراد کی فائرنگ کی زد میں آکرفلک شیر اعوان کی 17 سالہ بیٹی آمنہ بی بی سر میں گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ فلک شیر اعوان کی بیوی 51سالہ مریم بی بی شدید زخمی ہوگئی۔

 تھانہ بند کورائی نے زخمی مریم بی بی کی رپورٹ پر نامزد ملزمان کیخلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔